واشنگٹن ۔ہندوستانی امریکی اسٹانڈ اپ کامیڈینس کے ایک گروپ نے اسٹانڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کی حمایت کی ہے ۔ منور فاروقی کو مبینہ طور پر اپنے مزاح کے ذریعہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچانے کے الزام میں 35 دن تک جیل میں رہنا پڑا تھا ۔ منور فاروقی اور چار دوسروں کو ایک بی جے پی رکن اسمبلی کے فرزند کی شکایت پر یکم جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ اپنے قابل اعتراض ریمارکس سے انہوں نے ہندو دیوی دیوتاوں اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی ہتک کی ہے ۔ یہ شو اندور میں منعقد ہوا تھا ۔ منور فاروقی کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ہفتے کی رات دیر گئے رہا کیا گے تھا ۔ ہندوستانی ۔ امریکی اسٹانڈ اپ کامیڈینوں کے گروپ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ فاروقی کی گرفتاری غیر واجبی تھی اور یہ اظہار خیال کی آزادی کے خلاف اقدام تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ منور فاروقی کے خلاف کارروائی انتقامی جذبہ سے کی گئی تھی اور اس پر سبھی کو کھل کر اظہار خیال کرنے کی ضرورت ہے ۔ اظہار خیال کی آزادی کو سمجھنا بھی ضروری ہے ۔