’کان کھول کر سن لو! اصل پارٹی تو اب شروع ہوئی ہے‘

,

   

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم عمران خان نے نام لیے بغیر پاکستانی حکومت سے کہا ہیکہ وہ اپنی غلطی کی تصحیح کرتے ہوئے ملک میں فوری طور پر الیکشن کرائے ورنہ وہ بھرپور عوامی حمایت کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ملک میں عوام کی حقیقی آزادی کیلئے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کارکنان گلی گلی اور محلے محلے جاکے عوام کو تیار کریں اور ’’اسلام آباد کی طرف میرے لانگ مارچ کی اپیل کا انتظار کریں۔‘‘ تجزیہ نگاروں کا خیال ہیکہ عمران خان نے اپنے اسلام آباد کی طرف مارچ کے حتمی پروگرام کا اعلان نہ کر کے ان کی حکومت گرانے والوں کو ایک موقع دیا ہیکہ وہ حالات بے قابو ہونے سے پہلے اپنی غلطی کی تلافی کرتے ہوئے ملک میں فوری طور پر عام انتخابات کروا دیں۔ روشنیوں میں نہائے، پرچموں سے سجے اور ترانوں سے گونجتے گریٹر اقبال پارک میں ہزاروں پر جوش کارکنوں اور حامیوں کے سامنے عمران خان نے 70 منٹ تک خطاب کیا۔ دو ہفتے کی قلیل مدت کے دوران پشاور اور کراچی کے بعد پاکستان مسلم لیگ نون کا گڑھ سمجھے جانے والے شہر لاہور میں یہ جلسہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی قوت کا بڑا بھرپور مظاہرہ تھا۔اپنے ماضی کے طرز عمل کے برعکس، محتاط انداز میں کی گئی اپنی تقریر میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر، حکومت اور عدلیہ کو اپنے نشانے پر رکھا۔ انہوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی بیان کی، اسلامو فوبیا کے خلاف اپنی کوششوں کا ذکر کیا۔