کانگریس ارکان اسمبلی کی اسپیکر سرینواس ریڈی سے ملاقات

   

برقی صورتحال پر جانا ریڈی کے بیان کی وضاحت
حیدرآباد۔15۔ فروری (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے ارکان اسمبلی ڈی سریدھر بابو ، پی ویریا اور جئے پرکاش ریڈی کے ہمراہ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی سے ملاقات کی۔ انہوں نے قائد اپوزیشن کی حیثیت سے کے جانا ریڈی کی اسمبلی میں برقی کی صورتحال پر کی گئی تقریر کا حوالہ دیا اور شکایت کی کہ بی آر ایس ارکان اسمبلی جانا ریڈی کی تقریر کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریاستی وزراء اور بی آر ایس ارکان اسمبلی کو جانا ریڈی کی تقریر کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ جانا ریڈی سے منسوب غلط بیانی کو روکا جاسکے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ جانا ریڈی نے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے 14 نومبر 2014 ء کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت 3 برسوں میں 20 ہزار میگاواٹ برقی پیدا کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو کانگریس پارٹی ٹی آر ایس کی تائید کیلئے تیار ہے۔ اسپیکر کو بتایا گیا کہ جانا ریڈی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور برقی پیداوار کی جگہ 24 گھنٹے برقی سربراہی شامل کردیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ جانا ریڈی سے منسوب بیان غلط ہے اور چیف منسٹر نے بارہا غلط بیانی سے کام لیا ہے۔ جانا ریڈی نے کئی مرتبہ اس معاملہ میں وضاحت کی اور اسمبلی ریکارڈ کو طلب کیا تاکہ حقائق کا پتہ چلے۔ ارکان اسمبلی نے بتایا کہ جانا ریڈی نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے غلط بیانی سے دستبرداری کی خواہش کی تھی۔ اسپیکر کو 14 نومبر 2014 ء کے اخبارات کے تراشے پیش کئے گئے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے غلط بیانی سے کام لیا جارہا ہے ۔ اسپیکر سے درخواست کی گئی کہ وہ حکومت اور اس کے ارکان کو اس بارے میں پابند کریں۔ر