کانگریس ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت جمہوریت کا قتل

   

سنگاریڈی میں احتجاجی دھرنا ، نرملا جگاریڈی کا خطاب

سنگاریڈی ۔ 11 جون۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ میں جمہوریت کے قتل کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی کے روبرو شریمتی نرملا جگاریڈی صدرکانگریس ضلع سنگاریڈی کی قیادت میں ایک احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ جس میں لاونیا ایم پی پی ‘ کونہ سنتوش کانگریس قائد ‘ سابق ایم پی پی انجنیلو‘ جارج میتھیوز ‘ سنگمیشور سابق زیڈ پی ٹی سی ‘ من پلی ستیہ نارائنا ‘ بلرام سر پنچ اسماعیل خان پیٹ اورغلام محی الدین بابا کے علاوہ دیگر کانگریسی قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر نرملا جگاریڈی صدرکانگریس ضلع سنگاریڈی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کانگریس کے 12 اراکین اسمبلی کے گروپ کو ٹی آرایس پارٹی میں شامل کرنا جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے ۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرا شیکھر رائو پر انحراف کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کر تے ہوئے کہا کہ کے سی آر حزب اختلاف کا خا تمہ کرنا چا ہتے ہیں ۔کونا سنتوش نے کہا کہ بھٹی وکرامارکا قائد اپوزیشن کی جانب سے منظم کردہ جمہوری و پر امن غیر معینہ بھوک ہڑتال کیمپ کی برخواستگی اور انہیں نمس منتقل کیا جا نا قا بل مذمت ہے ۔ غیر جمہوری انداز میں انحراف کی ہمت افزائی پر حکومت کے خلاف احتجا ج میں مزید شدت پید ا کی جائیگی ۔ جمہوریت میں احتجاج کی ہر کسی کو اجاز ت ہے اور احتجاج جمہوری حق ہے ۔