کانگریس ارکان نے میری نشست پر پہونچکر حملہ کی کوشش کی

   

Ferty9 Clinic

راہول گاندھی کے ناشائستہ ریمارکس کی مذمت : ہرش وردھن
نئی دہلی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ہرش وردھن نے جمعہ کو کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ناشائستہ زبان کے استعمال پر راہول گاندھی کی مذمت کئے جانے کے بعد کانگریس کے چند ارکان پارلیمنٹ ان (ہرش وردھن) کی نشست تک پہونچ گئے اور کاغذات چھین کر حملہ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ وزیر صحت ہرش وردھن نے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی طرف سے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف کئے گئے ریمارکس کو انتہائی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی تھی جس کے بعد حکمراں اور اپوزیشن ارکان ہاتھا پائی کے قریب پہونچ گئے تھے۔ ہرش وردھن نے پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’وزیراعظم کے خلاف ریمارکس پر جب مَیں نے راہول گاندھی کی مذمت کی کانگریس کے کئی ارکان میری نشست کے قریب پہونچ گئے، مجھ سے کاغذات چھین لئے اور حملہ کی کوشش کی۔ ہرش وردھن نے مودی کے خلاف استعمال کی جانے والی راہول گاندھی کی زبان انتہائی قابل مذمت ہے۔ کسی سابق وزیراعظم کے بیٹے کی طرف سے اس قسم کی زبان کا استعمال کئے جانے کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔ اس قسم کی زبان کے استعمال پر راہول گاندھی کو معذرت خواہی کرنی چاہئے۔