کانگریس اسپیکر کی توہین اور حکومت کو بدنام کررہی ہے

   

ایوان میں ارکان کی عددی طاقت کے لحاظ سے وقت مقرر کیا جاتا ہے ۔ گورنمنٹ وہپ
حیدرآباد :۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن نے کانگریس کے ارکان اسمبلی پر اسپیکر کی توہین کرنے اور حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے پہلے ہی اعلان کردیا کہ اسمبلی میں وہ تمام مسائل پر تفصیلی مباحث کرنے کے لیے تیار ہے پھر بھی کانگریس کے ارکان اسمبلی کی جانب سے جو الزامات عائد کیے جارہے ہیں وہ بے بنیاد ہے ۔ ایوان میں پارٹیوں کی عددی طاقت کے لحاظ سے وقت مقرر کیا جاتا ہے ۔ کانگریس کے ارکان کی تعداد جتنی ہے اتنا وقت مقرر کیا جارہا ہے ۔ ٹی آر ایس کی عددی طاقت کے لحاظ سے ٹی آر ایس کو وقت مقرر کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے الزامات مضحکہ خیز ہے ۔ گورنمنٹ وہپ نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف استعمال کردہ الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو ایوان کو احترام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ہر مسئلہ پر سیاست کرنے اور اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کانگریس پارٹی نہیں چاہتی کہ سابق وزیراعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو ملک کا باوقار بھارت رتن ایوارڈ حاصل ہو ۔ بحیثیت فرزند تلنگانہ نرسمہا راؤ کی عزت و مقام کو اونچا کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر سنجیدگی سے جدوجہد کررہے ہیں مگر اس معاملے میں کانگریس سنجیدہ نہیں ہے ۔۔