کانگریس امیدواروں کی فہرست کی کل اجرائی متوقع

   

مرکزی اسکریننگ کمیٹی کا دہلی میں اجلاس، سفارشات پر غور
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس توقع ہے کہ اواخر ہفتہ تک اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔پارٹی کے باوثوق ذرائع نے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب کیلئے اسکریننگ کمیٹی کا آج نئی دہلی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کے 17 حلقے ہیں اور پہلے مرحلہ کے تحت 11 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ذرائع نے کہا کہ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، اے آئی سی سی انچارج برائے تلنگانہ اُمور آر سی کنٹیا، پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ اسکریننگ کمیٹی نے پردیش الیکشن کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا اور توقع ہے کہ اسکریننگ پیانل کا ایک اور اجلاس 15 مارچ کو منعقد ہوگا جس میں کانگریس مرکزی الیکشن کمیٹی کو امیدواروں کے ناموں کی سفارش پیش کردی جائے گی اور توقع ہے کہ اسی روز فہرست کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو صرف دو حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی تھی اور اس کے ایک رکن نے سیاسی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تھی۔