کانگریس امیدواروں کے انتخاب کیلئے دہلی میں پردیش اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس

   

تلنگانہ میں کانگریس بس یاترا میں 15 اور 16 اکٹوبر کو پرینکا گاندھی اور 18 اور 19 اکٹوبر کو راہول گاندھی کی شرکت
حیدرآباد۔/8اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے آج دہلی میں کانگریس اسکریننگ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ صدرنشین مرلیدھرن ایم پی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، مدھو یاشکی گوڑ اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تقریباً 60 ایسے اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموںکو قطعیت دے دی ہے جہاں ٹکٹ کیلئے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ان حلقوں سے صرف ایک نام کو قطعیت دی گئی۔ تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے ناموں کی تجاویز ہائی کمان کو پیش کی جائیں گی اور امید ہے کہ منگل یا چہارشنبہ کو اے آئی سی سی الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ناموں کو منظوری دی جائے گی۔ ہائی کمان کی منظوری کے بعد دو مراحل میں فہرست جاری کی جائیگی۔ کانگریس الیکشن کمیشن سے انتخابی شیڈول کے اعلان کا انتظار کررہی ہے۔ اسی دوران او بی سی طبقات کو زائد نمائندگی کا مطالبہ کرکے کانگریس کے او بی سی قائدین نے ہائی کمان سے نمائندگی کی۔119 میں 35 نشستوں کی مانگ کی جارہی ہے۔ اعلیٰ طبقات سے بھی ہائی کمان سے نمائندگی کی گئی۔ بتایا گیا کہ کھمم ضلع کی تمام 10 نشستوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی جن میں حال میں کانگریس میں شمولیت کرنے والے پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ کے نام شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 اکٹوبر کو کانگریس پولٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ میں بس یاترا کے شیڈول کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ15 اور16 اکٹوبر کو پرینکا گاندھی جبکہ 18 اور 19 اکٹوبر کو راہول گاندھی بس یاترا میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں یاترا کے روٹ میاپ کو قطعیت دی جائیگی ۔ اطلاعات کے مطابق اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں بعض اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کے مسئلہ پر قائدین میں اختلاف رائے پیدا ہوا جس کے نتیجہ میں ان حلقوںکیلئے ایک سے زائد ناموں کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، روہت چودھری، پی سی وشواناتھ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے پیش نظر ٹکٹ کے خواہشمند کئی قائدین نئی دہلی پہنچ چکے ہیں اور وہ وار روم کے باہر قائدین سے ملاقات کے منتظر ہیں۔