حیدرآباد۔یکم؍ مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کو تلنگانہ میں پارٹی کے داخلی اختلافات کا آج اس وقت مظاہرہ دیکھنے کو ملا جب انہوں نے کوداڑ میں نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ کے قائدین کا اجلاس طلب کیا تھا۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کی کامیابی کیلئے یہ اجلاس منعقد کیا گیا لیکن پی رمیش ریڈی گروپ کو مدعو نہ کرنے پر ان کے حامیوں نے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی۔ انہوں نے مانک راؤ ٹھاکرے سے بحث کرتے ہوئے صرف مخصوص قائدین کو مدعو کرنے کی شکایت کی۔ رمیش ریڈی اور ان کے حامیوں کا الزام ہے کہ تلگودیشم سے آنے والے قائدین کو کانگریس میں اہم ذمہ داریاں دی جارہی ہیں۔ دامودھر ریڈی گروپ نے بھی مانک راؤ ٹھاکرے سے شکایت کی۔ مانک راؤ ٹھاکرے اور اتم کمار ریڈی کی مداخلت کے بعد صورتحال قابو میں آئی۔ سوریا پیٹ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے قائدین کے اختلافات پر انچارج نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں نلگنڈہ ضلع کے کئی اہم قائدین غیر حاضر رہے اور ریونت ریڈی کے حامی گروپ کی غیر موجودگی بھی موضوع بحث رہی۔ اتم کمار ریڈی نلگنڈہ پارلیمانی حلقہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ر