ریاست میں آئندہ بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی ، پھر سے سنہرے دور کا احیاء ہوگا
حیدرآباد۔ 2 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ دونوں قومی جماعتیں کانگریس اور بی جے پی سے ریاست کے عوام بدظن ہوچکے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے قائدین بڑی تعداد میں بی آر ایس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شامل ہورہے ہیں۔ آئندہ ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی۔ آج ضلع سنگاریڈی کے اسمبلی حلقہ ظہیرآباد کے منڈل نیالکل کے بی جے پی قائدین کی کثیر تعداد ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شامل ہوگئی۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں کانگریس حکومتیں عوام کے اعتماد سے محروم ہوچکی ہیں۔ دونوں جماعتوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے عوام میں دونوں جماعتوں کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے اور لوگ بی آر ایس کی جانب اُمید کی نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ بی آر ایس کا 10 سالہ دور حکومت سنہرے دور تھا جہاں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ مکمل انصاف کیا گیا۔ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ریاست میں کانگریس پارٹی نے عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار تو حاصل کرلیا مگر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا، جس پر عوام کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنے پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں اور پھر بی آر ایس کو اقتدار میں لانے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ بی آر ایس سے جڑ رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت ، تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو کچھ نہیں دیا گیا، نہ ہی فلاحی اسکیموں سے تلنگانہ کے عوام کو کوئی فائدہ پہنچایا گیا۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت مرکز سے اپنا حق حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے جس کے خلاف عوام میں دونوں ہی پارٹیوں کے خلاف ناراضگی اور برہمی پائی جاتی ہے۔ بی آر ایس پارٹی ریاست میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے عوام کا دل جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ ریاست میں آئندہ بی آر ایس حکومت تشکیل دے گی۔2