کانگریس اور حلیفوں کو اقتدار کا لالچ : وزیراعظم مودی

   

ڈالٹن گنج ؍ گملا (جھارکھنڈ)۔ 25 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ میں کانگریس ۔جے ایم ایم ۔ آر جے ڈی اتحاد پر شدید لفظی حملہ چھیڑتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج الزام عائد کیا کہ یہ پارٹیاں اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں اور اُسی کے زیراثر ماضی میں بھی بدعنوان حکومتوں کی سربراہ رہی ہیں ۔ ان پارٹیوں کی حکومتوں نے مادنی وسائل سے مالا مال ریاست کا استحصال کیا اور عوام کو نظرانداز کیا ۔ انھوں نے مرکز کی سابقہ کانگریس حکومتوں کو بھی مورد الزام ٹھہرایا کہ کشمیر کا مسئلہ اور پیچیدہ ایودھیا تنازعہ بھی اُنھیں کی لاپرواہی کا نتیجہ رہا جن کو ہم نے آسانی سے حل کیاہے ۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل اپنی پہلی انتخابی ریالی منعقدہ ڈالٹن گنج سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ الیکشن اُن عناصر کے درمیان ہے جو خدمت کرتے ہیں اور جو لوٹ مچاتے ہیں ۔ کانگریس مسائل سے گھری ہے جبکہ ہم حل پیش کررہے ہیں ۔ وہ محض الزام آرائی کررہے ہیں ، ہمارے پاس جو کچھ کام ہم نے کئے ہیں اُن کا رپورٹ کارڈ ہے ۔ وہ کھوکھلے وعدے کررہے ہیں ، ہم ترقی کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔