اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں مشترکہ مقابلہ پر زور ۔ شرد پوار
کولہاپور : این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج کہا کہ ان کی پارٹی 2024 کے مہاراشٹرا اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات شیوسینا ( ادھو ٹھاکرے ) اور کانگریس کے ساتھ مل کر لڑنا چاہتی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ شیوسینا میں پھوٹ کے باوجود کٹر شیوسینکوں کی کثیر تعداد جو گراونڈ پر کام کرتی ہے وہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ پھوٹ کے بعد ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ ایکناتھ شنڈے گروپ کے ساتھ مل گئے ہوں لیکن جب انتخابات ہونگے تو انہیں بھی عوام کے خیالات کا پتہ چل جائیگا ۔ تینوں جماعتوں میں اتحاد سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر پوار نے کہا کہ یہ تاثر عام ہے کہ کانگریس ‘ این سی پی اور ادھو ٹھاکرے کو مل کر لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنا چاہئے ۔ ریپبلیکن پارٹی اور کچھ گروپس کو بھی اس میں شامل کیا جانا چاہئے ۔ ہم اس پر بات کر رہے ہیں۔ ہم کئی مسائل پر مشترکہ فیصلے کرتے ہیں اس لئے اس تعلق سے بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ شرد پوار نے گذشتہ سال بھی کہا تھا کہ تینوں جماعتوں کو متحدہ انتخابی مقابلہ کرنا چاہئے ۔ مہاراشٹرا میں لوک سبھا انتخابات 2024 میں اور اسمبلی انتخابات آئندہ اکٹوبر میں ہونے والے ہیں۔