کانگریس برسراقتدار آتے ہی ایک سال میں 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات: سرجے والا

   

نوجوانوں کی خودکشی کے لیے کے سی آر حکومت ذمہ دار
حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت کی جانب سے روزگار فراہم کرنے میں ناکامی کے سبب کئی نوجوانوں نے تلنگانہ میں خودکشی کرلی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ نوجوانوں کی خودکشی کیلئے کے سی آر خاندان کا اقتدار ذمہ دار ہے۔ 30 نومبرکو تلنگانہ کے نوجوان کے سی آر حکومت کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آتے ہی ایک سال میں 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے اور ہر طالب علم کو 5 لاکھ روپئے تک تعلیمی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالجس کی فیس اور دیگر کوچنگ کی ضروریات کی تکمیل کے علاوہ لیاپ ٹاپس اورکمپیوٹرس خریدے جاسکتے ہیں۔ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ 9 برسوں میں کے سی آر حکومت پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ ایک بھی تقرر شفافیت کے ساتھ نہیں کیا گیا۔ امتحانی پرچوں کے افشاء سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ کانگریس برسراقتدار آنے پر کابینہ کے پہلے اجلاس میں میگا ڈی ایس سی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقررات میں کسی بھی بے قاعدگی اور بدعنوانی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اے آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کیلئے کانگریس حکومت کئی اسکیمات شروع کرے گی۔