کانگریس بس یاترا میں آج پرینکا گاندھی کی شرکت، کولا پور میں جلسہ عام سے خطاب

   

حیدرآباد ۔30۔اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی کانگریس انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر بس یاترا میں پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے ۔ پرینکا گاندھی کل 31 اکتوبر کو بس یاترا میں حصہ لیں گی ۔ وہ محبوب نگر ضلع کے دو اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گی اور جلسہ عام سے خطاب ہوگا۔ نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی نے بتایا کہ پرینکا گاندھی سہ پہر 3.00 بجے دیور کدرا اسمبلی حلقہ میں خواتین کے اجلاس میں شرکت کریں گی اور کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کرائیں گی۔ پرینکا گاندھی 4.30 بجے شام کولا پور اسمبلی حلقہ میں پرجا بھیری جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ اس حلقہ سے کانگریس امیدوار ہیں اور سابق میں پرینکا گاندھی کا پروگرام ایک مرتبہ ملتوی ہوچکا ہے ۔ قائدین کا کہنا ہے کہ متحدہ محبوب نگر ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں پرینکا گاندھی کے دورہ سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔ اسی دوران سابق صدر کانگریس راہول گاندھی یکم نومبر کو سہ پہر 3.00 بجے کلواکرتی اور ناگر کرنول میں بس یاترا میں حصہ لے کر عوام سے خطاب کریں گے ۔ شام 4.00 بجے جڑچرلہ کے بی آر امبیڈکر سرکل پر کارنر میٹنگ سے راہول گاندھی کا خطاب ہوگا۔ شام 5.00 بجے شادنگر ریلوے اسٹیشن سے بس یاترا کا آغاز ہوگا اور راہول گاندھی ایک بڑے جلسہ عام سے شادنگر چوراہے پر خطاب کریں گے۔ ناگر کرنول پارلیمانی حلقہ کے کولا پور میں پرینکا گاندھی کے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ریونت ریڈی کی قیادت میں قائدین سرگرم ہیں۔ جلسہ عام میں کم از کم 30 تا 50 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔