دکھانے کو پالیسیاں مختلف تاہم عملی طور پر سب ایک، مسلم سماج کی سیاسی بیداری ضروری: ایوب سرجن
پرتاپ گڑھ : پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مسلم سماج جب تک سیاسی بیداری کے ساتھ اپنی قیادت کو ترجیح نہیں دے گا ،اس کے مسائل کم ہونے والے نہیں ہیں ،اس لئے حالات حاضرہ کا مشاہدہ کرتے ہوئے سیاسی طور پر بیدار ہونے کی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔بی جے پی و کانگریس و سماج وادی پارٹی میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ دکھانے کو تو ان کی کی پالیساں مختلف ہیں ،مگر عملی طور پر ان سب کی پالیسی ایک ہے ۔آزادی کے بعد سے ملک میں زیر اقتدار رہنے والی کانگریس نے مسلمانوں کے ساتھ جو کردار ادا کیا ہے ،وہ کسی سے خفیہ نہیں ہے ،ہماچل میں کانگریس کی حکومت ہونے کے باوجود ان کا وزیر آر ایس ایس کی زبان بول رہا ہے ،جس کے سبب فرقہ پرست طاقتیں سرگرم ہو گئی ہیں ۔ مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب میں پیس پارٹی کے امیدوار میدان میں ہیں ،مسلم سماج کانگریس و سماج وادی پارٹی کی تاریخ سے واقف ہے ،اور اس پر غور فکر کرتے ہوئے اپنی قیادت پیس پارٹی کی حمایت کر اپنی کامیابی کی راہ ہموار بنائیں۔ انہوں نے حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں جہاں کانگریس کا اسی شیو سینا سے اتحاد ہے ، جس کی پوری پالیسی مسلم مخالفت پر مبنی ہے ،ایسے حالات کیا مسلمان کانگریس ،سماج وادی پارٹی و شیو سینا اتحاد کو ووٹ کرے گا؟ یہ ایک اہم سوال ہے ؟ انہوں نے کہا کہ مسلم سماج جب تک سیاسی طور پر بیدار ہوکر اپنی قیادت کو ترجیح نہیں دے گا اس کے حالات بہتر ہونے والے نہیں ہے ۔کانگریس نے ہی دلت مسلمانوں کا ریزرویشن چھین کر انہیں ملک کے خصوصی دھارے سے الگ تھلگ کر دیا ہے ،مگر مسلم سماج اس پر غور فکر کرنے کے برعکس آج تک کانگریس کی حمایت کرتا آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ نام نہاد سیکولر پاٹیاں اقتدار میں ہوتی ہیں ،تو ان کی پالیساں آر ایس ایس کی پالیسی کے مساوی ہوتی ہے ،جس کی مثال ہماچل ہے ،جہاں کانگریس کی حکومت ہوتے ہوئے وہاں آر ایس ایس کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ۔سماج وادی پارٹی کے اقتدار میں مسلمانوں کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوا، کیا مسلمان سب بھول چکا ہے ۔انہوں نے کہا مسلم سماج ان نام نہاد سیکولر پارٹیوں سے بار بار دھوکہ کھانے کے بعد بھی وہ ان پارٹیوں کو کیوں ووٹ دیتا ہے ،یہ ایک اہم سوال ہے ؟ مسلم سماج ان پارٹیوں کے گمراہ کرنے میں آکر سب کچھ بھول کر ووٹ دے کر اپنے مستقبل کو تاریک بنا رہا ہے ۔ڈاکٹر ایوب نے کہا کہ مسلم سماج ہماچل کے حالات سے سبق لیتے ہوئے سمجھ بوجھ کر اپنی قیادت پیس پارٹی کی حمایت کر کامیاب بنائیں ،اسی میں ان کا مفاد ہے ۔