کانگریس حکومت تمام شعبوں میں ناکام: کے ٹی آر

   

مقدمات اور جیل جانا بی آر ایس کیلئے کوئی نئی بات نہیں،آئندہ ریاست میں بی آر ایس حکومت قائم ہوگی
حیدرآباد ۔24 ۔ فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کا زوال شروع ہوگیا ہے۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ کسان پریشان ہیں، خواتین ناراض ہیں، نوجوان سڑکوں پر ہیں اور طلبہ بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ ریاست میں آئندہ بی آر ایس حکومت قائم ہوگی۔ عوامی مسائل کو حل کرنے میں اہم رول ادا کرے گی۔ آج عادل آباد جیل میں سابق رکن اسمبلی بلکا سمن سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو بے نقاب کر رہی ہے جس سے حکمراں کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں جیل روانہ کر رہی ہے جس کا زندہ ثبوت بلکا سمن ہے۔ وہ جیل میں بلکا سمن سے ملاقات کر کے آئے ہیں ، مقدمات درج کرنے یا جیل بھیجنے سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں بلکہ وہ حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے پوری شدت کے ساتھ تیار ہے۔ بی آر ایس کا کوئی بھی کارکن مقدمات اور جیل جانے سے ڈرتا نہیں ہے کیونکہ بی آر ایس تحریک سے جنم لینے والی جماعت کا نام ہے۔ مقدمات اور جیل جانا پارٹی قائدین کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ریاست میں سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ معیاری غذا نہ ملنے پر اسکولی طلبہ سے یونیورسٹی طلبہ تک سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ وزارت تعلیم کا قلمدان اپنے پاس رہنے کے باوجود چیف منسٹر ریونت ریڈی طلبہ کے احتجاج کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ڈی جی پی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شیودھر ریڈی نے بڑے بڑے فلمی ڈائیلاگ کہے تھے۔ پولیس کے پاس ریڈ بک اور پنک بک نہیں رہے گی ، صرف خاکی بک رہے گی۔ وہ ڈی جی پی سے سوال کرتے ہیں کہ اب خاکی بک کہاں گئی ہے۔ پولیس عہدیداروں کو یوز لیس فیلو کہنے والے اور پولیس عہدیداروں کو کپڑے اتارکر مارنے کی دھمکی دینے والوں کے خلاف ابھی تک مقدمات کیوں درج نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سال کے بعد ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی جس کے بعد قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حکمراں جماعت کے اشاروں پر کام کرنے والے پولیس عہدیداروں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔2