کانگریس حکومت میں بستی دواخانہ کھنڈر میں تبدیل: ہریش راؤ

   

Ferty9 Clinic

سدی پیٹ ۔ 19 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ شہر میں آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس کے قریب واقع بستی دواخانے کا سابق وزیر و ایم ایل اے ہریش راؤ نے اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بستی دواخانے میں موجود اسٹاف نرس سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومت کے دور میں سدی پیٹ میں چار مقامات پر بستی دواخانے قائم کیے گئے تھے، لیکن کے سی آر نگر میں واقع بستی دواخانے کے علاوہ باقی تین بستی دواخانے۔ کالکنٹ کالونی، لنگاریڈی پلی اور آر اینڈ بی دفتر کے قریب واقع۔ گزشتہ چھ ماہ سے ڈاکٹروں کے بغیر چل رہے ہیں، جس پر انہوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے میڈیکل آفیسر کے کمرے میں پلستر جھڑ گیا ہے اور ڈاکٹر کے بیٹھنے والی کرسی پر دھول جمی ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہی بستی دواخانوں کی حالت ہے؟ ڈاکٹر کے بغیر عوام کو علاج کیسے فراہم کیا جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لیے قائم کیے گئے بستی دواخانوں کو کانگریس حکومت نے کھنڈر نما دواخانوں میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف چھ ماہ سے ڈاکٹر نہیں آ رہا، دوسری طرف موجود اٹینڈر کو تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، اور اسٹاف نرس کو نومبر ماہ کی تنخواہ اب تک نہیں دی گئی، جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب نہ ڈاکٹر ہیں اور نہ دوائیں، تو ایسی صورت میں عوام کو طبی خدمات کیسے فراہم کی جائیں گی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غریب عوام کو فراہم کی جانے والی عوامی صحت کے نظام کے تئیں لاپروائی ترک کی جائے، فوری طور پر بستی دواخانوں میں ڈاکٹروں کی تقرری کی جائے اوربروقت ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔