حیدرآباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرے گی تاہم ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے غلطیوں کا ارتکاب کیا ہے۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بعض گوشوں سے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ریونت ریڈی حکومت انتقامی کارروائیاں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوگی تاہم جنہوں نے غلطی کی ہے ان کے خلاف ایکشن ضرور لیا جائے گا۔ وینکٹ ریڈی نے سابق وزیر فینانس ہریش راؤ کی جانب سے رعیتو بندھو اسکیم سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تشکیل کو صرف دو دن ہوئے ہیں لیکن ہریش راؤ ابھی سے سوالات کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ دس برسوں میں بی آر ایس قائدین نے عوام کیلئے کیا کیا۔ گذشتہ دس برسوں میں سڑکوں کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جبکہ کانگریس حکومت کی اولین ترجیح قومی اور ریاستی شاہراہوں کی ترقی رہے گی۔ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کیلئے وہ پیر کو نئی دہلی جارہے ہیں جہاں اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت نے دس برسوں میں قومی اور ریاستی شاہراہوں کی ترقی پر توجہ نہیں دی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس حکومت سڑکوں، شاہراہوں کی ترقی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی 14 شاہراہوں کو قومی شاہراہ کا درجہ دینے کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ ریجنل رنگ روڈ حیدرآبادکو قومی پراجکٹ کا درجہ دلانے کی مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔
