12 دسمبر کو حیدرآباد میں انڈیا اتحاد کے حلیف اکھلیش یادو کا شاندار خیر مقدم کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے کانگریس حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ انہوں نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بی سی تحفظات کے لیے سری سائی ایشور کے قیمتی زندگی ضائع ہونے پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ زندہ رہ کر پرامن احتجاج کے ذریعہ تحفظات حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت بی سی طبقات سے کئے گئے وعدے کو پورا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حلیف جماعت سماج وادی پارٹی کے سربراہ سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو 12 دسمبر کو حیدرآباد کے دورے پر آرہے ہیں اور ان سے خیرسگالی ملاقات بھی کریں گے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ اکھلیش یادو کا وہ ایم ایل اے کوارٹرس آدرش نگر میں شاندار استقبال کریں گے ۔ یہ پروگرام کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے اتحاد کو مزید استحکام فراہم کرے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ سماج وادی پارٹی ایک سیکولر جماعت اور انڈیا اتحاد کی اہم حلیف جماعت ہے ۔ اکھلیش یادو کے اعزاز میں ان کی جانب سے شاندار طریقہ سے استقبالیہ پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ جس میں شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست سے کانگریس کے اہم قائدین بھی شرکت کریں گے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کانگریس حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں ۔ گرام پنچایت کے انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی تاریخی کامیابی درج کرے گی ۔۔ 2
