کانگریس حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار

   

جوگی پیٹ ڈگری کالج کے احاطہ میں شجرکاری میں حصہ لینے کے بعد مہیش کمار گوڑ کا خطاب
جوگی پیٹ 2 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے آج صبح جوگی پیٹ کے گورنمنٹ ڈگری کالج کے احاطہ میں منعقدہ شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا۔ یوتھ کانگریس قائدین، کانگریس کی طلبہ تنظیم، این ایس یو آئی قائدین کے علاوہ طلبہ سے ملاقات کی حکومت کے فلاحی اسکیمات اور دیگر ترقیاتی پروگرامس کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین مرحوم محمد سردار جمیل کے پوترے این ایس یو آئی کے قائد محمد معظم (عظیم) نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ سے خصوصی ملاقات کی اور تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کو کانگریس پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ دونوں آنکھیں قرار دیتے ہوئے کہاکہ جب بھی کانگریس پارٹی کو ضرورت پڑتی ہے یہ دونوں محاذی تنظیمیں سپاہیوں کی طرح کام کرتے ہوئے کانگریس کو مستحکم کرتی ہیں۔ ریاست میں کانگریس پارٹی کی حکومت ہے۔ حکومت نے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف جھوٹی اور گمراہ کن مہم چلارہی ہیں۔ اس کا منہ توڑ جواب دینے میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین اہم رول ادا کریں۔ کانگریس حکومت نے اندرون ایک سال 60 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہیں جس کی مثال سارے ملک میں نہیں ملتی۔ وعدے کے مطابق 50 لاکھ خاندانوں کو 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ 50 لاکھ خاندانوں کو 500 روپئے میں گیس سیلنڈر تقسیم کیا جارہا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تاحال 200 کروڑ صفر ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ راشن شاپس سے باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ طویل عرصہ کے بعد راشن کارڈس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اہل افراد میں اندراماں مکانات تقسیم کئے جارہے ہیں۔ حکومت کے ان اقدامات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کا مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا۔