کانگریس دہشت گردی پر قابو پانے سے قاصر

,

   

ہندو دہشت گردی صرف ایک بھوت ، انتخابی جلسوں سے وزیراعظم کا خطاب
جموں / گیا (بہار) /2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس زیرقیادت یو پی اے کو ’ خوشامد کی سیاست‘ میں ملوث ہونے اور نفاذ قانون محکموں کا دہشت گرد سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکام رہنے کا الزام عائد کیا جس سے دہشت گردی کو عروج حاصل ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دہشت گردی صرف ایک بھوت ہے جو اپوزیشن پارٹیوں میں تخلیق کیا ہے ۔ وہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کا بہار اور ریاست جموں و کشمیر کے علاقہ جموں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے آغاز کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانگریسی قائدین پاکستان کے سیاسی ترجمان بن گئے ہیں ۔ حالانکہ وہ ہندوستان میں عوام کے نمائندے سمجھے جاتے ہیں ۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ پر بھی تنقید کی کیونکہ وہ جموں و کشمیر میں وزیراعظم کے عہدہ کا احیاء چاہتے ہیں ۔ انہوں نے اظہار حیرت کیا کہ کیا کسی ملک میں دو وزیراعظم ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانگریس اور آر جے ڈی مہاملاوٹ گیانگ کی جانب سے بات کررہے ہیں اور اس مسئلہ کو مزید پیچیدہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے حریف جھوٹی باتیں پھیلارہے ہیں کہ اگر بی جے پی برسراقتدار آجائے تو پسماندہ طبقات کیلئے ملازمتوں اور تعلیم کے شعبے میں تحفظات برقرار نہیں رہیں گے ۔