کانگریس دہلی کی تمام 7 سیٹوں کے لیے تیاری کرے گی، عام آدمی پارٹی نے ‘انڈیا’ میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کی وارننگ دی

,

   

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کو پارٹی کی دہلی یونٹ کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں قومی راجدھانی کی تمام سات سیٹوں کے لیے تیاری کرنے اور تنظیم کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے لیڈروں نے لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ پارٹی قیادت پر چھوڑ دیا ہے، حالانکہ پارٹی کی ریاستی اکائی کے زیادہ تر لیڈر اتحاد کے خلاف ہیں۔میٹنگ کے بعد کانگریس لیڈر الکا لامبا نے کہا کہ کانگریس دہلی کی تمام سات سیٹوں پر الیکشن لڑ سکتی ہے اور لیڈروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سبھی سات سیٹوں پر عوام کے بیچ آئیں۔عام آدمی پارٹی کی مرکزی ترجمان پرینکا ککڑ نے ان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس نے ایسا کوئی فیصلہ کیا ہے تو 31 اگست اور یکم ستمبر کو ممبئی میں ہونے والی اپوزیشن کی میٹنگ میں عام آدمی پارٹی کے شامل ہونے کا کوئی مطلب نہیں ہے