تروپتی میں اعلان، رکن اسمبلی کو منانے سینئر قائدین متحرک
حیدرآباد: کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ تروپتی میں مندر کے درشن کے بعد راج گوپال ریڈی نے کہا کہ بی جے پی میں شمولیت کے فیصلہ کے بعد وہ درشن کیلئے آئے ہیں۔ عنقریب وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل بی جے پی ہے جس کا وہ پہلے ہی اظہار کرچکے ہیں۔ مستقبل میں تلنگانہ میں بی جے پی مضبوط طاقت بن کر ابھرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کو جمہوریت پر ایقان رکھتے ہوئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کانگریس میں برقرار رہیں گے۔ پردیش کانگریس کے عہدہ کے لئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور ریونت ریڈی میں کسی ایک کا انتخاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وقت ہی بتائے گا کہ نیا پی سی سی صدر کون ہوگا۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے بی جے پی میں شمولیت کے فیصلہ پر راج گوپال ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنا غیر اخلاقی ہے۔ انہیں شمولیت سے قبل اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینا چاہئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور دیگر اہم قائدین راج گوپال ریڈی کو بی جے پی میں شمولیت سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔