کانگریس رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کو پولیس نے حراست میں لے لیا

   

حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ وزیر برقی جگدیش ریڈی کے قافلہ کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ وزیر برقی نئے راشن کارڈس کی تقیسم کے لئے منگوڑ ہیڈ کوارٹر پہنچے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چوٹ اپل میں راشن کارڈس کی تقسیم کے موقع پر پروٹوکول کی خلاف ورزی پر رکن اسمبلی نے احتجاج کیا تھا ۔ اس مسئلہ پر وزیر برقی سے بحث و تکرار ہوئی اور راج گوپال ریڈی نے انہیں منگوڑ اسمبلی حلقہ کے دورہ کا چیلنج کیا ۔ وزیر برقی نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے آج منگوڑ ہیڈکوارٹر میں راشن کارڈس کی تقسیم کی تقریب منعقد کی۔ رکن اسمبلی اور کانگریس قائدین کو احتجاج سے روکنے کیلئے کل رات سے ہی انہیں مکانات میں محروس کردیا گیا تھا ۔ کئی قائدین کو احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا گیا ۔ رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کو حیدرآباد آؤٹر رنگ روڈ کے ٹول پلازا پر اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ منگوڑ تقریب میں شرکت کرنا چاہتے تھے ۔ رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ عہدیداروں کے ذریعہ عوامی نمائندوں کو تقریب میں شرکت سے روکنا غیر جمہوری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی بھی پارٹی کے لئے مستقل نہیں ہوتا۔ وہ دن دور نہیں جب کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور ٹی آر ایس کو زوال ہوگا۔ راج گوپال ریڈی نے مطالبہ کیا کہ دلت بندھو اسکیم کا منگوڑ اسمبلی حلقہ سے آغاز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد کے بجائے ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں اسکیم پر عمل آوری ہونی چاہئے ۔