کانگریس رکن کونسل تین مار ملنا کو وجہ نمائی نوٹس

   

طبقاتی سروے پر حکومت اور پارٹی پر تنقید، تادیبی کمیٹی کی وضاحت طلبی

حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے رکن قانون ساز کونسل سی ایچ نوین کمار عرف تین مار ملنا کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے۔ بی سی تحفظات اور طبقاتی سروے کے مسئلہ پر حکومت اور کانگریس پارٹی کے خلاف بیان بازی پر یہ نوٹس جاری کی گئی۔ کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے تین مار ملنا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حالیہ بیانات پر وضاحت طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ ورنگل میں حال ہی میں بی سی طبقات کے جلسہ عام میں تین مار ملنا نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے طبقاتی سروے کو ایک دھوکہ قرار دیا اور کہا تھا کہ ریڈی طبقہ نے یہ گمراہ کن رپورٹ تیار کی ہے تاکہ پسماندہ طبقات کو جائز حقوق سے محروم رکھا جائے۔ تین مار ملنا کے بیان پر کانگریس پارٹی میں ہلچل پیدا ہوگئی اور پارٹی قائدین نے تین مار ملنا سے کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ تین مار ملنا نے ایک ویڈیو وائرل کرتے ہوئے طبقاتی سروے رپورٹ کو نذرآتش کردیا۔ کانگریس پارٹی میں رہتے ہوئے حکومت اور پارٹی قیادت کو نشانہ بنانے پر ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی ہدایت پر تادیبی کارروائی کمیٹی نے نوٹس جاری کردی۔ اسی دوران مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی قائدین کو ڈسپلن شکنی کی صورت میں سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تین مار ملنا موقف میں تبدیلی کیلئے تیار نہیں ہیں لہذا کانگریس پارٹی سے ان کی معطلی کے امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔1