سماج کو توڑنے کی کوششیں افسوسناک، سکریٹری پردیش کانگریس محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیکولر ہے اور وہ اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ محمد سلیم نے ڈاکٹر کرشنا گوپالن کی تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے 16 کروڑ مسلمانوں کے خوف زدہ ہونے کی وجوہات پر سوال اٹھائے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ اگر ہندوستان میں مسلمان صرف 16 کروڑ ہیں تو پھر آر ایس ایس اور دیگر تنظیمیں مسلمانوں کے بارے میں فکر مند کیوں ہیں۔ گوپالن نے مسلمانوں میں خوف پیدا کرنے کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیا جس پر محمد سلیم نے کہا کہ کانگریس واحد قومی اور سیکولر پارٹی ہے وہ ہمیشہ تمام ہندوستانیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتی ہے چاہے ان کا تعلق اکثریت سے ہو یا اقلیت سے ہو۔ کانگریس پارٹی انسانیت کی زندہ مثال ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ مسلمان ہندوستان میں خوف زدہ نہیں ہیں کیونکہ ملک پر ان کا برابر کا حق ہے۔ ہندوستانی مسلمان ملک سے محبت کرتے ہیں اور دستور ہند کا احترام کرتے ہیں جس میں انہیں مساوی حقوق دیئے گئے ہیں۔ زندگی گذارنے اور عبادات کے سلسلہ میں دستور نے تمام ہندوستانیوں کی طرح مسلمانوں کو بھی مکمل آزادی دی ہے۔ ہندوستان میں قیام مسلمانوں کا پیدائشی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض طاقتیں سماج میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور وہ ملک کے سیکولر کردار کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔
کانگریس نے کبھی بھی سماج کی تقسیم کی اجازت نہیں دی ۔ محمد سلیم نے جدوجہد آزادی میں مسلمانوں کی قربانیوں کا ذکر کیا اور ڈاکٹر کرشنا گوپالن کو مشورہ دیا کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کریں اور آر ایس ایس اور سنگھ پریوار کی آئیڈیالوجی سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔