ایم ایل سی امیدوار نریندر ریڈی کو کامیاب کرنے کی اپیل، بھینسہ میں انتخابی جلسہ سے طاہر بن حمدان کا خطاب
نرمل۔/21 فروری، ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) کانگریس پارٹی ہی وہ واحد سیکولر جماعت ہے جس میں تمام طبقات کی یکساں ترقی ممکن ہے۔ کانگریس کے قدآور قائدراہول گاندھی کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی اور حرکیاتی قائد صدر تلنگانہ کانگریس مہیش کمار گوڑ کی باریک بینی نے چار اضلاع پر مشتمل ایم ایل سی انتخاب کے لئے ساری ریاست میں تعلیم کا جال پھیلانے والے نریندر ریڈی کو گریجویٹ حلقہ سے میدان میں اُتارا ہے اور تمام چار اضلاع کے قائدین ان کی کامیابی کے لئے کمر بستہ ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر طاہر بن حمدان صدر نشین اردو اکیڈیمی تلنگانہ نے نرمل ضلع کے حلقہ مدہول اور بھینسہ میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے روانہ ہوتے ہوئے نرمل میں سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں بھینسہ میں گریجویٹ ایم ایل سی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے طاہر بن حمدان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اس نشست پر کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام قائدین کو متحرک کرچکے ہیں بلکہ بذات خود وزیر اعلیٰ 24 فروری تک متحدہ ضلع عادل آباد کے منچریال اور نرمل میں پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ایک اجلاس منعقد کرنے جارہے ہیں۔ میں نرمل ضلع کے تمام گریجویٹ رائے دہندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نریندر ریڈی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں کیونکہ ریاست ہو کہ مرکز ایک مستحکم حکومت صرف اور صرف کانگریس سے ہی ممکن ہے۔ لہذا میدک ، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر کے گریجویٹ رائے دہندے بالخصوص اقلیتی نوجوانوں سے میں پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے ایک ایک ووٹ کا استعمال کانگریس کے امیدوار نریندر ریڈی کے حق میں کرتے ہوئے انہیں کامیاب بناکر اپنے محبوب قائد مسٹر اے ریونت ریڈی وزیر اعلیٰ کے ہاتھ اور مضبوط کریں کیونکہ کانگریس سو سال سے زائد اپنا سیاسی تجربہ رکھتی ہے۔ آج ملک میں نفرت کے ماحول کو ہوا دیتے ہوئے فرقہ پرست جماعتیں ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کرتے ہوئے کرسی کے حصول کی خاطر مذہب کے نام پر سیکولرازم کی دھجیاں اڑاتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کررہی ہیں۔ آپ لوگ حالات کو سمجھیں اور اتحاد کا ثبوت دیتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھانے کیلئے کانگریس کے ساتھ ہوجائیں تو ملک کا ہر طبقہ ترقی کی سمت گامزن ہوگا ۔ اس موقع پر شہ نشین پر صدر ضلع کانگریس کے سری ہری راؤ، وٹھل ریڈی سابق رکن اسمبلی آنند راؤ پٹیل و دیگر موجود تھے۔ واضح رہے کہ نریندر ریڈی کی کامیابی کیلئے طاہر بن حمدان کافی محنت کررہے ہیں۔