کانگریس صدارتی انتخاب: کھڑگے اور تھرور میں راست مقا بلہ

,

   

نامزدگی واپس لینے کی 8 اکتوبر آخری تاریخ ‘ 17اکتوبرکو الیکشن
نئی دہلی :کانگریس صدر کے انتخاب کے پیش نظر صدارتی امیدواروںکے نام اب پوری طرح صاف ہو گئے ہے۔ کانگریس کے سینئر قائدین ملکارجن کھڑگے اور ششی تھرور اس صدارتی انتخاب میں ایک دوسرے سے راست مقابلہ کریں گے۔ ایک دیگر سینئر پارٹی لیڈر کے این ترپاٹھی نے بھی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا، لیکن ان کی نامزدگی کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کی مرکزی الیکشن اتھارٹی کے سربراہ مدھوسودن مستری نے یکم اکتوبر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کل (30 ستمبر) ہمیں 20 فارم ملے تھے اور وہ فارم درست ہیں کہ نہیں، اس سلسلے میں آج جانچ کی گئی ۔ 20 میں سے 4 فارم مسترد ہوئے ہیں۔‘‘کے این ترپاٹھی کی نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق مدھوسودن مستری نے کہا کہ ’’کے این ترپاٹھی کے فارم کو خارج کر دیا گیا، کیونکہ یہ مقررہ قواعد کے مطابق ک مکمل نہیں تھا، یہ دستخط سے متعلق ایشوز تھے۔ ساتھ ہی انھوں نے واضح کیا کہ کانگریس صدر عہدہ کے لیے دو امیدوار ملکارجن کھڑگے اور ششی تھرو انتخاب لڑیں گے۔یہاں قابل ذکر یہ ہے کہ امیدوار کے ذریعہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر ہے۔ یعنی اگر کھڑگے اور تھرور میں سے کوئی بھی ایک 8 اکتوبر تک اپنا نام واپس لے لیتے ہیں تو دوسرے لیڈر کے بلامقابلہ کانگریس صدر منتخب ہونے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ کانگریس صدر عہدہ کے لیے 17 اکتوبر کو ووٹنگ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، اور 19 اکتوبر کو ووٹنگ کی گنتی ہوگی۔ نتائج بھی اسی دن، یعنی 19 اکتوبر کو ہی جاری ہو جائیں گے۔ کانگریس کے صدارتی انتخاب کے لئے مجاز اتھارٹی کے چیرمین مدھوسودن مستری نے کہا ہے کہ انتخاب کیلئے داخل کئے گئے کاغذات میں سے صرف ششی تھرور اور ملکارجن کھڑگے کے ہی کاغذات درست پائے گئے ہیں۔