کانگریس قائدآردامودرریڈی کی آخری رسومات کی سرکاری اعزازات کے ساتھ تکمیل

   

سوریاپیٹ:4؍اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق وزیر وسابق رکن اسمبلی سینئر کانگریس قائد آر دامودھر ریڈی کی آخری رسومات مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ تنگاترتی ضلع سوریاپیٹ میں ادا کی گئی۔ آخری رسومات میں صدر نشین قانون ساز کونسل گتہ سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی کے وینکٹ ریڈی،سرینواس ریڈی، سابق وزیر ورکن اسمبلی سوریاپیٹ جی جگدیش ریڈی، رکن پارلیمنٹ رگھوویر ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، اراکین اسمبلی پدماوتی، وی وریشم،ایم سوامی، سابق وزیر وسینئر کانگریس قائد جانا ریڈی سینئر کانگریس قائد وسابق رکن راجیہ سبھا ہنمنت راؤ، کانگریس اور دیگر جماعتوں کے قائدین وعوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔واضح رہے کہ آر دامودھر ریڈی کا طویل علالت کے بعد دو روز قبل حیدرآباد میں دیہانت ہوگیا تھا۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی ودیگر وزراء اور کانگریس و دیگر قائدین نے حیدرآباد میں انکی قیام گاہ پر آخری دیدار کیا اور ان کے فرزند سروتم ریڈی کو تعزیت پیش کی انکی نعش کو سوریاپیٹ لایا گیا جہاں کانگریس کارکنوں نے وداعی جلوس نکالا جس میں ہزاروں کانگریس کارکنوں نے شرکت کی اور ان کی قیام گاہ پر عوام نے آخری دیدار کیا۔ بعد ازاں تنگاترتی لے جا یا گیا اور دیدار کے بعد ہزاروں کی تعداد میں موجود کانگریس کارکنان و عوام نے بدیدہ نم نذر آتش کیا۔ آر دامودھر ریڈی تنگا ترتی حلقہ اسمبلی سے چار بار اور سوریاپیٹ سے ایک بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور ریاستی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھی۔