حیدرآباد۔8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس قائدین کے وفد نے نیلوفر ہاسپٹل پہنچ کر اقلیتی اقامتی اسکول کے طلبہ سے ملاقات کی جنہیں غیر معیاری غذا کی فراہمی کے بعد طبیعت بگڑ جانے پر ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون ، نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی اور یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے ملاقات کرتے ہوئے علاج کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کانگریس قائدین کو بتایا گیا کہ اقامتی اسکولوں میں معیاری اور تغذیہ بخش غذا کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں ہے جس کے نتیجہ میں وقفہ وقفہ سے یہ واقعات پیش آرہے ہیں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اقامتی اسکول سوسائٹی کے ذمہ دار طلبہ کی صحت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ غیر معیاری غذاؤں کی فراہمی کے نتیجہ میں طلبہ کی صحت کا متاثر ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے اسکول کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ 33 طلبہ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں اور صحت میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے علاج کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ کانگریس قائدین نے سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل اور ڈاکٹروں سے خواہش کی کہ وہ طلبہ کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ کانگریس قائدین نے تلنگانہ کے تمام اقامتی اسکولوں اور ہاسپٹلس میں غذا کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہاسٹلس اور اقامتی اسکولوں میں وقفہ وقفہ سے اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں۔