کانگریس قائدین پر بے جا مقدمات کا الزام

   

جامع تحقیقات کا مطالبہ ، کھمم میں ڈی سی سی صدر درگا کی پریس کانفرنس
کھمم : ڈی سی سی کانگریس آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کھمم ضلع کانگریس صدر درگا نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھمم شہر میں آئے دن کانگریس قائدین پر حکمراں جماعت پولیس کے ذریعہ بیجا مقدمات درج کررہی ہے ۔ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے ۔ درگا نے حکمراں جماعت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کھمم بلدیہ کارپوریشن کے انتخابات اپریل 2021میں منعقد ہوئے جس میں 10کانگریس پارٹی سے کارپوریٹرس جیتے ۔ عوام کی جانب سے منتخبہ کارپوریٹرس کو حکمراں جماعت کی جانب سے ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے۔ اور کوئی بھی احتجاج میں حصہ لینے پر بیجا مقدمات درج کئے جارہے ہیں جو جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد مصطفی پر جو پی ڈی ایکٹ لگایا گیا اور اسی طرح نکی نینی نریندر پر جو بیجا مقدمات درج کئے گئے یہ صرف اورصرف سیاسی خصومت کا نتیجہ ہے۔پریس کانفرنس میں کانگریس قائد محمد مصطفی کی اہلیہ محترمہ رفیدہ بیگم جو 57ڈیویژن کی کانگریس کی کارپوریٹر ہے اسی طرح کانگریس قائد نکی نینی نریندر کی اہلیہ نکی نینی منجولہ نے صحافیوں کے سامنے اپنی دردبھری کہانی سناتے ہوئے ضلع سے تعلق رکھنے والے منسٹر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شوہروں پر بیجا مقدمات درج کرتے ہوئے ہمارے خاندان پرظلم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں جو سراسر نا انصافی ہے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے مزید کہا کہ ان تمام مقدمات کی جامع تحقیقات کرواتے ہوئے فوری انصاف کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے نو منتخبہ 10کارپوریٹرس بھی موجود تھے۔