سرسلہ کے پراجکٹ کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائدین کے ایک وفد نے آج ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی اور سرسلہ ضلع میں مڈمانیر پراجکٹ کے متاثرین کے لئے معاوضہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کی ۔ ارکان اسمبلی ٹی جیون ریڈی ، ڈی سریدھر بابو ، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور دیگر قائدین نے گورنر کو یادداشت پیش کی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 18 جون 2019 ء کو سرسلہ ضلع میں دورہ کے موقع پر مڈمانیر پراجکٹ کے لئے اراضی حوالے کرنے والے کسانوں کو مناسب معاوضہ کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا ۔ تمام متاثرہ خاندانوں کو امکنہ اراضی ، ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے فی کس 5 لاکھ روپئے ادائیگی کا وعدہ کیا گیا ۔ بعد میں چیف منسٹر نے کسانوں ، خواتین اور نوجوانوں کیلئے خصوصی پیاکیج کا تیقن دیا ۔ ان تمام وعدوں کے باوجود آج تک مقامی افراد کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا گیا۔ چیف منسٹر کے وعدہ کے مطابق ڈبل بیڈروم مکان کی تعمیر کیلئے رقم الاٹ کی جانی چاہئے تھی۔ متاثرہ مواضعات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت مالی امداد فراہم کرنے اور چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے اراضی الاٹ کرنے کا تیقن دیا گیا۔ چیف منسٹر نے متبادل اراضی کے علاوہ حواتین کو روزگار سے مربوط شعبوں میں ٹریننگ اور روزگار فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اراضی سے محروم افراد کے لئے چیف منسٹر کے وعدوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں گورنر کو مداخلت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ معاوضہ سے محروم افراد کی نشاندہی کیلئے خصوصی سروے کا اہتمام کیا جائے ۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ضلع کے وزیر کے ٹی راما راؤ پر متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے ہدایت دیں۔