حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے ملاقات کی اور کانگریس کے چلو راج بھون احتجاج کے موقع پر پولیس عہدیداروں کی جانب سے این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ پر حملہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور دیگر قائدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر 22 جولائی کو چلو راج بھون پروگرام منظم کیا گیا تھا۔ پولیس نے اندرا پارک پر کئی قائدین کو حراست میں لے لیا۔ گورنر کو یادداشت پیش کرنے کیلئے راج بھون جانے کی کوشش کرنے والے قائدین میں این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ بھی شامل تھے۔ پولیس کی بھاری جمیعت کو متعین کیا گیا اور پرامن احتجاجیوں کو پولیس نے زیادتی کی جس کے نتیجہ میں وینکٹ کی پھسلی میں فریکچر آگیا اورانہیں ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ۔ ڈاکٹرس نے تین ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا ہے ۔ قائدین نے بتایا کہ سابق میں پرگتی بھون پر احتجاج اور ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور ملا ریڈی کے خلاف احتجاج کے بعد سے وینکٹ کو نشانہ پر رکھا گیا ہے ۔ پرامن احتجاجیوں کے خلاف پولیس کا رویہ افسوسناک ہے ۔ این ایس یو آئی کی جانب سے طلبہ کے مسائل پر جدوجہد کی جارہی ہے ۔ سریدھر بابو نے خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔