کانگریس لیڈر اے کے انٹونی کے بیٹےانیل انٹونی بی جے پی میں شامل ، والد کو صدمہ

   

نئی دہلی : کیرالہ سے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی کے بیٹے انیل کمار انٹونی آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے ۔پارٹی کے مرکزی دفتر میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن کی موجودگی میں راجیہ سبھا کے لیڈر اور مرکزی وزیر پیوش گوئل نے انٹونی کو چادر پہنا کر اور رکنیت کی پرچی سونپ کر بی جے پی میں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں انٹونی پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کے گھر گئے اور ان کی نیک خواہشات وصول کیں۔ انٹونی نے کہا کہ کانگریس کے بہت سے لیڈروں کا ماننا ہے کہ ان کا فرض کسی خاص خاندان کے لیے کام کرنا ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا فرض عوام کے لیے کام کرنا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا اگلے 25 سالوں میں ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا واضح ویژن ہے اور وہ اس مقصد میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر محسوس کریں گے ۔ گوئل نے کانگریس پر بھی حملہ کیا اور پارلیمنٹ کو کام کرنے کی اجازت نہ دینے کے لئے اسے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے شروع سے ہی اپنا ذہن بنا لیا تھا کہ پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دینا ہے ۔ بیٹے کے بی جے پی میں شامل ہونے پر کانگریس سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر انٹونی نے صدمہ کا اظہار کیا۔