رکن اسمبلی جگا ریڈی کا مشورہ، کانگریس میں کئی اسٹار قائدین موجود
حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ پارٹی قائدین میں اختلافات اور آپسی گروہ بندیاں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ میڈیاکے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ پارٹی سینئر قائدین میں اختلاف رائے کے نتیجہ میں گروہ بندیاں پائی جاتی ہیں۔ اگرچہ تمام پارٹیوں میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے لیکن علاقائی جماعتوں میں اختلافات منظر عام پر نہیں آتے جبکہ قومی جماعتوں میں باآسانی یہ معاملہ اُبھر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اہم قائدین کو حساس مسائل پر تحمل سے کام لینا چاہیئے۔ واضح رہے کہ پردیش کانگریس کی صدارت کے مسئلہ پر اتم کمار ریڈی اور ریونت ریڈی میں اختلافات کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ ریونت ریڈی نے حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں اتم کمار ریڈی کی شریک حیات کو پارٹی ٹکٹ کی مخالفت کی ہے۔ اس مسئلہ پر کانگریس قائدین میں اختلافات منظر عام پر آگئے۔ جگاریڈی نے مشورہ دیا کہ پارٹی فورم میں اپنے خیالات کو پیش کرتے ہوئے مباحث کرنے چاہیئے برخلاف اس کے کہ انہیں عوام کے درمیان رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں راہول گاندھی تمام کیلئے متفقہ طور پر قائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ہر ایک اپنے اسمبلی حلقہ میں ہیرو ہے۔ نلگنڈہ ضلع میں جانا ریڈی، اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی برادرس کا پارٹی پر دبدبہ قائم ہے۔ حضور نگر اسمبلی حلقہ اتم کمار ریڈی کا اپنا حلقہ ہے لہذا ضمنی انتخابات میں انہیں پارٹی امیدوار کے انتخاب کا اختیار دیا جانا چاہیئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ پارٹی امیدوار کون ہوگا اس کا فیصلہ آخر کار ہائی کمان کرے گا۔ انہوں نے پارٹی کے بعض قائدین کی جانب سے وی ہنمنت راؤ کے خلاف بیان بازی کو افسوسناک قراردیا اورکہا کہ ہنمنت راؤ پارٹی کیلئے فل ٹائم ورکر کی طرح کام کررہے ہیں ان پر تنقیدوں سے گریز کرنا چاہیئے۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ یونٹ میں اتم کمار ریڈی، ریونت ریڈی، کومٹ ریڈی، وی ہنمنت راؤ، بھٹی وکرامارکا اور دامودھر راج نرسمہا یہ تمام اسٹار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دامودھر راج نرسمہا عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے جنگجو کی طرح ہیں جبکہ بھٹی وکرامارکا دانشور ہیں۔ میں ایک عام سپاہی کی طرح ہوں۔