کانگریس نے آئین کو بھی ایک خاندان کی جاگیر بنادیا تھا:شاہ

   

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کانگریس حکومتوں اور لیڈروں پر آئین کو توڑ مروڑ کر اس کے ساتھ کھیلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئین کو بھی ایک خاندان کی ملکیت بنا دیا تھا جبکہ بی جے پی کی حکومتوں نے آئین کی روح کے مطابق ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کی ہے ۔آئین کے 75 سال کے شاندار سفر پر راجیہ سبھا میں 21 گھنٹے طویل بحث کا جواب دیتے ہوئے شاہ نے منگل کو کہا کہ یہ بحث ملک کو آئین کی بنیادی روح سے تو واقف کرائے گی ہی یہ بھی بتائے گی جب آئین کی روح کو توڑ مروڑ کر کوئی آگے بڑھتا ہے تو اس کی کس طرح کی حالت ہوتی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ اس بحث میں ایوان کے 80 ارکان نے حصہ لیا اور اس وسیع بحث سے ہماری آنے والی نسل اور عوام کو یہ فیصلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی کہ کس پارٹی نے آئین کا تحفظ کیا اور کس نے اس کے ساتھ کھلواڑ کیا۔مرکزی وزیرداخلہ نے کہا کہ آئین بنانے کے بعد بابا صاحب امبیڈکر نے کہا تھا کہ اگر اسے چلانے والے اچھے لوگ نہ ہوں تو آئین بھی برابن سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی زندگی کا ضابطہ ہے ، اسی لیے آئین میں ہی آئین تبدیل کرنے کا التزام کیاگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں نے ہی آئین میں تبدیلیاں کیں لیکن سوچنے کی بات ہے کہ اس کا طریقہ کار اور مقصد کیا تھا۔ سوچنے کی بات ہے کہ یہ ترامیم جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے کی گئیں یا اپنی کرسی بچانے کے لیے ، اس سے پارٹی کے جذبات کی عکاسی ہوتی ہے ۔بی جے پی اور کانگریس کی حکومتوں کی طرف سے کی گئی چار چار ترامیم کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اظہار رائے کی آزادی کو دبانے ، شہریوں کے بنیادی حقوق کو کم کرنے ، وزیر اعظم کے عہدے کی عدالتی تحقیقات پر سابقہ [؟][؟]پابندی عائد کرنے اورلوک سبھا اور اسمبلی کی مدت کار کو پانچ سے بڑھا کر چھ کرنے اور پارلیمنٹ میں کورم کی ضرورت کو ختم کرنے جیسی ترامیم کیں۔ ان ترامیم کا واحد مقصد اقتدار کو بچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو بتانا چاہئے کہ اس نے آئین میں آرٹیکل 35 اے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کیسے شامل کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے آئین کو بھی ایک خاندان کی جاگیر بنا کر اس کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے اپنی کرسی بچانے کے لیے ایمرجنسی لگائی، لیکن اس کے بعد انہیں جس قسم کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اسے دیکھ کر اب کسی کو ملک میں ایمرجنسی لگانے کی جرات نہیں ہوگی۔