کانگریس نے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس کا گھیراؤ کیا، کارکنوں کی گرفتاری

   

پولیس سے بحث و تکرار ، متاثرہ خاندانوں کو فی کس 15 ہزار روپئے امداد کا مطالبہ
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں بارش کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی پر کانگریس پارٹی نے آج گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ہیڈ آفس کا گھیراؤ کیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن جلوس کی شکل میں جی ایچ ایم سی آفس پہنچے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ احتجاج کے نتیجہ میں اطراف کے علاقوں میں ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ۔ احتجاجی کارکنوں نے جی ایچ ایم سی دفترمیں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے روک لیا جس پر صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ کافی دیر تک احتجاج کے بعد پولیس نے کانگریس قائدین کو کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس سے ملاقات کی اجازت دی۔ سینئر قائدین وی ہنمنت راؤ ، ایم کودنڈا ریڈی ، انجن کمار یادو ، ڈاکٹر ملو روی ، راملو نائک ، انیل کمار یادو اور دوسرے جب کمشنر جی ایچ ایم سی کے آفس پہنچے تو انہوں نے ملاقات سے انکار کردیا۔ کانگریس قائدین نے بطور احتجاج کمشنر کے چیمبر میں دھرنا منظم کیا جس کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے مشورہ پر کمشنر نے کانگریس قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت قبول کی۔ بلدیہ کے ہیڈ آفس کا گھیراؤ کرنے والے سینکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے کر مختلف پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ احتجاج میں حصہ لینے والے قائدین میں فلور لیڈر جی ایچ ایم سی راج شیکھر ریڈی ، کرن کمار ریڈی ، صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی ، صدر ضلع کانگریس سکندرآباد انیل کمار یادو ، محمد فیروز خاں ، رحیم قریشی ، محمد راشد خاں ، عظمیٰ شاکر ، کارپوریٹ وجیا ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ پارٹی نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو فی کس 15 ہزار روپئے کی فوری امداد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جس طرح 2020 ء میں متاثرین کی مدد کی گئی ، اسی طرح اس مرتبہ بھی رقمی امداد جاری کی جائے۔ قائدین نے کہا کہ بارش سے متاثرہ روزانہ محنت مزدوری کرنے والے خاندانوں کو اناج اور دیگر غذائی اجناس سربراہ کی جائیں۔ کئی متاثرہ علاقوں میں پانی کی عدم نکاسی کے سبب وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہوچکا ہے۔ کانگریس قائدین نے آبادیوں کے درمیان کھلے نالوں کی صفائی اور ان پر سلاب ڈالنے کے علاوہ عوام کو چوکس کرنے کیلئے سائن بورڈ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے یادداشت پر ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔