کانگریس نے کورونا کے پیش نظر تربیتی کلاسیس کے پروگرام کو ملتوی کردیا

   

دھرنے اور ریتو جشن کے ذریعہ عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کا ٹی آر ایس اور بی جے پی پر الزام عائد

حیدرآباد ۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے 10 تا 12 جنوری تک شہر کے مضافات میں واقع سلیبریٹی ریزارٹس میں منعقد کئے جانے والا اے آئی سی سی تربیتی کیمپ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسیس کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی وباء سے عوام کو بچانے کے معاملے میں بہت زیادہ سنجیدہ ہے لیکن اقتدار میں رہنے والی ٹی آر ایس اور بی جے پی غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ دونوں جماعتوں کی جانب سے دھرنے اور ریتو جشن کے نام پر عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے کانگریس کے پروگرامس کوویڈ قواعد کے نام پر اجازت نہیں دی جارہی ہے لیکن ٹی آر ایس اور بی جے پی کے پروگرامس کی اجازت دی جارہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے پروگرامس میں کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں کورونا اور اومی کرون کے کیسیس میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے باوجود سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ ریاستوں میں انتخابات کا اعلان کرنے پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔ن