نئی دہلی 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں انتخابی بانڈز کا مسئلہ اٹھائیگی اور وہ سابق منسٹر آف اسٹیٹ فینانس کیخلاف راجیہ سبھا میں دروغ گوئی پر مراعات شکنی کی نوٹس بھی پیش کریگی ۔ پارٹی کے ترجمان گورو گوگوئی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مئی 2017 میں اپنے ایک مکتوب میں انتخابی بانڈز کی اسکیم کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ ایسا کرنے پر فنڈنگ کے ذریعہ کا اور جو پارٹی فنڈز حاصل کرتی ہے اس کا پتہ چلانا مشکل ہوجائیگا ۔ اس کے باوجود منسٹر آف اسٹیٹ فینانس نے راجیہ سبھا میں غلط بیانی کی تھی اور کہا تھا کہ حکومت کو الیکشن کمیشن سے کوئی اعتراض موصول نہیں ہوا ہے ۔