مزید 15 حلقوں میں امیدواروں کا اختیار اسکریننگ کمیٹی نے پارٹی ہائی کمان پر چھوڑ دیا
حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی ہائی کمان نے تاحال تلنگانہ اسمبلی کے 119 کے منجملہ دو فہرستوں کے ذریعہ 100 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ اسکریننگ کمیٹی نے ماباقی 19 حلقوں کے امیدواروں کے اعلان کا فیصلہ پارٹی ہائی کمان پر چھوڑ دیا ہے۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس پارٹی نے کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے سی پی آئی کیلئے دو اور سی پی ایم کیلئے دو نشستیں چھوڑ دی ہیں ماباقی 15 حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان حلقوں میں پارٹی قائدین بڑے پیمانے پر اپنی اپنی پیروی کررہے ہیں۔ اسکریننگ کمیٹی نے ان حلقوں میں دو، دو امیدواروں کے نام پیش کئے ہیں۔ چند قائدین کو ایک حلقہ کے بجائے دوسرے حلقے سے امیدوار بنانے پر غور کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی ٹکٹ سے محروم ہونے والے قائدین کو سمجھایا منایا جارہا ہے جس کی وجہ سے امیدواروں کا اعلان کرنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے سی پی ایم اور سی پی آئی کے قومی قائدین سے دہلی میں بات چیت کی ہے۔ سی پی آئی کو اسمبلی حلقہ جات کتہ گوڑ اور چنور چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے سی پی آئی قیادت نے اتفاق کیا ہے۔ اس کے علاوہ سی پی ایم کو مریا گوڑہ اور ویرا اسمبلی حلقہ جات چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم سی پی ایم کی جانب سے لمحہ آخر تک اسمبلی حلقہ پالیر کا مطالبہ کیا گیا۔ سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم اس حلقہ سے مقابلہ کرنے کی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں کمیونسٹ جماعتوں کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد کانگریس پارٹی نے ایم ایل سی کی نشستیں دینے کی بھی پیشکش کی ہے۔ کانگریس کی تجویز پر سی پی ایم پارٹی میں مذاکرات جاری ہے۔ امید کی جارہی ہیکہ کانگریس اپنی تیسری فہرست کے ساتھ کمیونسٹ جماعتوں کو چھوڑی جانے والی نشستوں کے بارے میں بھی سرکاری طور پر اس کا اعلان کرے گی۔ن