کانگریس پارٹی کے نظریہ کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں:کھرگے

,

   

سینئر قائد کی تشہیری مہم کیلئے تین پارٹی ترجمان مستعفی

نئی دہلی : کانگریس کے صدر عہدہ کیلئے آنے والے الیکشن کے امیدوار ملک ارجن کھرگے نے واضح کیا کہ اس الیکشن میں کسی کی مخالفت میں نہیں ، بلکہ پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے اترے ہیں۔ انہوں نے اتوار کو میڈیا سے بات چیت میں اس تصور کو بھی خارج کردیا کہ انہیں گاندھی خاندان کی حمایت حاصل ہے۔ کھرگے نے کہا کہ کانگریس کے کئی سینئر اور نوجوان لیڈروں کے کہنے پر وہ انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ کھرگے نے اس کے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اس الیکشن میں کھڑے دوسرے امیدوار ششی تھرور سے کہا تھا کہ صدر عہدہ کیلئے اتفاق رائے سے امیدوار کا انتخاب کیا جانا بہتر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر تھرور جس صورتحال اور تبدیلی کی بات کررہے ہیں، وہ نمائندوں اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ذریعہ طے کی جائے گی۔ ایک شخص پر اس کا انحصار نہیں، اس کو اجتماعی طور سے لیا جائے گا۔الیکشن لڑنے کے اپنے فیصلہ کے پیچھے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ راہول گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی الیکشن نہیں لڑنا چاہتے تھے، اس لئے مجھے میرے ساتھیوں نے الیکشن لڑنے کیلئے کہا تھا۔ میں کسی کے خلاف نہیں لڑ رہا ہوں ، میں کانگریس پارٹی کے نظریہ کیلئے لڑ رہا ہوں۔اسی درمیان پارٹی کے ترجمان گوربھ وللبھ نے بتایا کہ کانگریس صدر عہدہ کے غیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے دیپیندر ہوڈا ، سید ناصر حسین اور میں نے کانگریس کے ترجمان عہدہ سے استعفی دیدیا ہے ، اب ہم ملک ارجن کھرگے کیلئے انتخابی تشہیر کریں گے۔بتادیں کہ ملکا ارجن کھرگے کے خلاف پارٹی کے سینئر لیڈر ششی تھرور انتخابی میدان میں ہیں۔ اگر پارٹی کے ان دونوں لیڈروں میں سے کوئی بھی اپنا پرچہ نامزدگی واپس نہیں لیتے ہیں تو 17 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی ، جس میں 9000 سے زیادہ ڈیلیگیٹ ووٹ ڈالیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 19 اکتوبر کو ہوگی۔