کانگریس پاکستا ن کے سرمیں سر ملارہی :نقوی

   

اجمیر 6مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کانگریس پر پاکستان کے ساتھ سر میں سر ملاکر بات کرنے کا الزام لگایا ہے ۔عباس نقوی نے آج اجمیر درگاہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بھیجی گئی چادر پیش کرنے کے بعد سول لائنس میں واقع درگاہ اپارٹمنٹ میں خواجہ غریب نواز ڈسپنسری اور خواجہ ماڈل اسکول میں عرس سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے ۔اپوزیشن جماعتوں کے ذریعہ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے جواب میں فوج کی طرف سے کی گئی کارروائی پر سوال اٹھنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں اہم اپوزیشن کے طورپر کانگریس ہے اور کانگریس کی حالت یہ ہے کہ پڑوسی ملک پاکستان ثبوت مانگتا ہے تو اس معاملے پر کانگریس سوال کھڑا کرتی ہے ۔پاکستان میں دہشت گردی کے ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی میں مارے گئے دہشت گردوں کے اعداد کے سوال پر انہوں نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور پاکستان سر میں سر ملاکر بات کرتے ہیں جس کا واضح مطلب ہے ’’ملے سر میرا تمہارا‘‘۔انہوں نے واضح کیا کہ پلوامہ حملے کے خلاف ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا صفایا ہوا۔ جیش محمد کے بچے کھچے دہشت گردوں نے تسلیم کیا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے حملے میں ہمارے پورے کا پورا کیمپ تباہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے دہشتگردی جیسے حساس معاملے پر کہا کہ ملک کے لوگ آج خود کو محفوظ اور فخر محسوس کررہے ہیں۔