نئی دہلی ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے جمعرات کے دن کانگریس کی جانب سے ’’شرمناک‘‘ مطالبات اور ان کی وضاحت پر شدید تنقید کی جبکہ برطانیہ کی لیبر پارٹی کے قائد جرمی کاربائن نے کہا کہ انہوں نے وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ہندوستانی کانگریس پارٹی کے برطانوی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔ بی جے پی نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقین رکھتی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کسی بھی غیرملکی ٹوئیٹر تبصرہ کے بعد اندرون ملک ایک تنازعہ اٹھ کھڑا ہوگا۔ یہ بات شرمناک ہیکہ کانگریسی قائدین غیرملکی قائدین کے ساتھ ایک داخلی مسئلہ پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ یہ کانگریس کیلئے ایک شرمناک اقدام ہے۔ بھگوا پارٹی کے شعبہ بیرونی ممالک کے انچارج وجئے چوٹالہ نے کہا کہ کیا کانگریس برطانوی لیبر قائد سے یا پاکستان میں اپنے آقاؤں کے ایسے مسائل پر ہدایات طلب کررہی ہے جوراست طور پر ہندوستان کا داخلی معاملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے ہندوستان کے عوام کے روبرو اپنے موقف کی وضاحت کرنی چاہئے کہ وہ ایک داخلی مسئلہ پر غیرملکیوں سے ہدایات کیوں حاصل کررہی ہے۔ یہ کانگریس نہیں ہے جس نے برطانوی لیبر پارٹی سے مشورہ لیا ہے بلکہ درحقیقت کو اپنے غیرملکی آقاؤں سے ہدایات طلب کررہی ہے۔