کانگریس کا دستور بچاؤ احتجاج، گاندھی بھون پر قائدین گرفتار

   

Ferty9 Clinic

جگا ریڈی راج بھون تک پہنچ گئے، کانگریسی حکومتوں کو غیرمستحکم کرنے کی مذمت
حیدرآباد: ملک میں بی جے پی کی جانب سے کانگریس حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ’’دستور بچاؤ‘‘ کے عنوان سے احتجاج منظم کیا۔ کانگریس اعلیٰ کمان کی اپیل پر راج بھون کے روبرو دھرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پولیس نے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو گاندھی بھون کے روبرو حراست میں لے کر احتجاج کو ناکام بنادیا ۔ کانگریس کارکنوںکی کثیر تعداد گاندھی بھون میں جمع ہوئی اور وہ جلوس کی شکل میں راج بھون جانا چاہتے تھے۔ پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور آخرکار قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن بیگم بازار منتقل کیا گیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، نائب صدر ملو روی، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، خازن پردیش کانگریس جی نارائن ریڈی ، فیروز خاں ، ٹی کمار راؤ ، وینو گوپال ، پریم لال ، عظمی شاکر اور دیگر قائدین نے نعرہ بازی کرتے ہوئے گاندھی بھون سے نکلنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے گورنر سے ملاقات کے لئے اجازت کا مطالبہ کیا لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی۔ دوسری طرف رکن اسمبلی جگا ریڈی پولیس کو چکمہ دے کر راج بھون پہنچ گئے ۔ جیسے ہی وہ راج بھون پہنچے، وہاں تعینات پولیس عہدیداروں نے انہیں گھیرلیا۔ جگا ریڈی نے بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے اور کانگریس حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی مذمت کی۔ پولیس نے انہیں حراست میں لے کر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس اور اے آئی سی سی رکن بی جڈسن راج بھون پہنچ گئے اور جمہوریت کے تحفظ کے حق میں نعرے لگائے۔ پولیس نے انہیں بھی حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ کانگریس کے احتجاج کے پیش نظر راج بھون کے اطراف سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ خیریت آباد سے گاڑیوں کی تلاشی لے کر جانے کی اجازت دی جارہی تھی ، صبح سے کانگریس کے کارکن گاندھی بھون میں جمع ہونے لگے ۔ گاندھی بھون کے تمام راستوں پر پولیس کے زائد دستوں کو تعینات کرتے ہوئے بیریکیٹس لگادیئے گئے تاکہ کوئی بھی نامپلی کی طرف جانے نہ پائے۔ کانگریس قائدین نے پولیس کے رویہ کے خلاف کچھ دیر تک دھرنا منظم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے بعد راجستھان میں کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے بی جے پی سازش کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں وہ گورنر کو یادداشت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ قائدین اور کارکنوںکی گرفتاریوں کے بعد بھی پولیس کی چوکسی برقرار رہی اور شام تک راج بھون کے پاس پولیس کے اضافی دستے تعینات تھے۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی جمہوری اور دستوری اصولوں کو پامال کر رہی ہے۔ عوامی منتخب حکومتوں کو غیر مستحکم کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ راجستھان میں کانگریس ارکان اسمبلی کو لالچ دے کر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی اورانفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس قائدین کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ ملک بھر میں کانگریس پارٹی نے مرکز کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا۔