نئی دہلی، 5 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنے چھ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ جن میں پارٹی کے سینئر رہنما ابھیشیک منو سنگھوی کو تلنگانہ سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ منو سنگھوی کے علاوہ چھتیس گڑھ سے پھولو دیوی نیتام، ہریانہ سے کرم ویر سنگھ بودھ، ہماچل پردیش سے انوراگ شرما، تمل ناڈو سے ایم کرسٹوفر تلک، جبکہ تلنگانہ سے ابھیشیک منو سنگھوی اور ویم نریندر ریڈی کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جعمرات کی صبح فہرست جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کانگریس صدرملیکارجن کھڑگے نے چھتیس گڑھ، ہریانہ، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور تلنگانہ سے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی ہے ۔ پھولو دیوی نیتام اس وقت چھتیس گڑھ سے جبکہ ابھیشیک سنگھوی تلنگانہ سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ دونوں کی مدتِ کار اپریل میں مکمل ہو رہی ہے ۔ قابلِ ذکر ہے کہ 10 ریاستوں کی 37 راجیہ سبھا نشستوں کے لیے 16 مارچ کو ووٹنگ ہوگی۔