کانگریس کارکنوں کا تلنگانہ بھون کے روبرو دھرنا

   

رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے بیانات کی مذمت
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا اور ارکان اسمبلی کڈیم سری ہری اور ناگاراجو کے خلاف الزام تراشی پر بطور احتجاج کانگریس کارکنوں نے آج بی آر ایس ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون کے گھیراؤ کی کوشش کی۔ کانگریس قائد بی نگیش کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے تلنگانہ بھون پہنچ کر دھرنا منظم کیا اور کوشک ریڈی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ انہوں نے کوشک ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ چیف منسٹر و دیگر قائدین سے معذرت خواہی کریں۔ گرانائیٹ کمپنی سے بھاری رقم کا مطالبہ کرنے پر پولیس نے کل کوشک ریڈی کو گرفتار کیا تھا۔ ضمانت کی منظوری کے بعد کوشک ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کے خلاف الزامات عائد کئے۔ کوشک ریڈی آج تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے تھے۔ اطلاع ملتے ہی کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد تلنگانہ بھون پہنچ گئی اور گھیراؤ کی کوشش کی گئی۔ پولیس نے بھاری بندوبست کیا تھا تاکہ کانگریس کارکنوں کو احتجاج سے روکا جائے۔ احتجاجی کانگریس کارکنوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ 1