کانگریس کو جتانا ہے ، ملک کو آمریت سے بچانا ہے : کھرگے

   

نئی دہلی؍ شملہ : کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تاناشاہ کی طرح کام کرتے ہیں اور اگر ملک کے عوام ان کی تاناشاہی سے بچنا چاہتے ہیں تو انڈیا اتحاد کو جتاکر اسے اقتدار سے باہر کرنا ہوگا۔ ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ میں ہفتہ کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کھرگے نے کہا کہ انڈیا اتحاد لوگوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے لڑ رہا ہے ۔ مودی تاناشاہی انداز میں حکومت کر رہے ہیں اور انہیں سبق سکھانا ضروری ہے ۔ اگر اس الیکشن میں مودی کو اقتدار سے نہیں ہٹایا گیا تو ملک میں تاناشاہی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ہندوستانی اتحاد جیتنے والا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی جیت میں کوئی شک نہیں ہے ۔ کھرگے نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم چین سے ڈرتے ہیں اور کچھ نہیں کہہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جواہر لعل نہرو جی اور اندرا گاندھی جی جیسے وزرائے اعظم رہے ہیں۔ جہاں ایک طرف اندرا گاندھی نے پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا، وہیں دوسری طرف نریندر مودی چین کے ہندوستانی سرزمین پر قبضہ کرنے کے بعد بھی خاموش ہیں۔ عوام انہیں سبق سکھائیں گے ۔ مودی پر نہ صرف ملک کی سرحدوں بلکہ ملک کی فوج کو بھی کمزور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ پہلے فوج میں مستقل ملازمت ملتی تھی، پنشن اور دیگر سہولیات میسر تھیں، لیکن مودی نے ’اگنی ویر‘ لا کر سب کچھ ختم کر دیا ہے ۔ کانگریس آئین کو بچانے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے لڑ رہی ہے ، اس لیے یکم جون کو ہاتھ کے نشان کا بٹن دباکر کانگریس کو بھاری ووٹوں سے جتانا ہے ۔