کانگریس کو خلیجی بنگال میں پھینک دیں ، چیف منسٹر کی عوام سے اپیل

   

Ferty9 Clinic

میدک میں کلکٹریٹ ، ایس پی آفس کا افتتاح ، جلسہ عام سے کے سی آر کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے دھرانی پورٹل کو منسوخ کرنے کا اعلان کرنے والی کانگریس پارٹی کو خلیجی بنگال میں پھینک دینے کی عوام سے اپیل کی ۔ ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی بی آر ایس پارٹی کو آشیرواد دیتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے پر زور دیا ۔ میدک میں اینٹی گریٹیڈ کلکٹریٹ ، ایس پی آفس اور بی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ دو نئی اسکیمات کا آغاز کرنے پر بھی مسرت کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے اسمبلی حلقہ میدک کے لیے وعدوں کی بارش کردی ۔ میدک میونسپلٹی کی ترقی کے لیے 50 کروڑ اس کے علاوہ دیگر میونسپلٹیز نرسا پور ، رامائن پیٹ اور توپران کے لیے فی کس 25 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس کے علاوہ ضلع میدک میں جملہ 469 گرام پنچایت ہیں فی گرام پنچایت کی ترقی کے لیے 15 لاکھ منظور کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔ مقامی رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی نے میونسپلٹیز اور گرام پنچایتوں کی ترقی کے لیے فنڈز طلب کیا ہے وہ منظور کردئیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ رامائن پیٹ کو ریونیو ڈیویژن بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس کو بھی قبول کیا جارہا ہے ۔ دو دن میں اس کا جی او بھی جاری کردیا جائے گا ۔ یہی نہیں رامائن پیٹ کو ڈگری کالج اور میدک کے لیے رنگ روڈ بھی منظور کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر نے ایڈو پاٹل مندر کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے 100 کروڑ روپئے منطور کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انتخابات آتے ہی کئی لوگ ووٹوں کی بھیک مانگنے آپ کے درمیان پہونچ جاتے ہیں ۔ ان سے عوام کو ہوشیار و چوکنا رہنے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ سیاسی جماعتیں اور اپوزیشن قائدین عوام کو گمراہ کرتی ہیں اور انتخابات ختم ہوجانے کے بعد دوبارہ نظر نہیں آتے ۔ ایسے لوگوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نہ کھانے کی اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام سے ایک چانس دینے کا مطالبہ کررہی ہے ۔ عوام نے انہیں 50 سال تک موقع فراہم کیا ہے ۔ مگر کانگریس پارٹی نے ریاست کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ یہی کانگریس پارٹی اقتدار حاصل ہونے پر دھرانی پورٹل منسوخ کرنے کا اعلان کررہی ہے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کانگریس پارٹی کو خلیجی بنگال میں پھینک دیں ۔ کانگریس نے لمبے عرصہ تک ملک اور ریاست پر راج کیا ہے ۔ مگر عوام کو پینے کا پانی ، برقی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد صرف مختصر عرصہ میں تلنگانہ نے تمام شعبوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک کی مثالی ریاست میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ کانگریس کے ایک قائد تین گھنٹہ برقی کو کافی قرار دے رہے ہیں ۔ ایسے قائدین پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام اپنے مستقبل کو تباہ و برباد ہرگز نہ کریں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کے دیہی و شہری علاقوں مساوی ترقی دی جارہی ہے ۔ کسانوں اور غریب عوام کے چہروں پر خوشی بحال ہوئی ہے ۔ 200 روپئے دئیے جانے والے پنشن کو 4000 روپئے کردیا گیا ہے ۔ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے لیے پہلے 51 ہزار روپئے دئیے جاتے تھے جس کو اب بڑھا کر ایک لاکھ 16 ہزار روپئے کردئیے گئے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کسانوں کی خودکشیاں روک گئی ہیں ۔ چاول کی کاشت میں تلنگانہ ملک کی سرفہرست ریاست بن گئی ہے ۔ سماج کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں ۔ ریاست میں تیسری مرتبہ بی آر ایس کی حکومت تشکیل پانے کا دعویٰ کرتے ہوئے آئندہ جلسوں میں مزید فلاحی اسکیمات کا اعلان کرنے کا وعدہ کیا ۔۔ ن