حیدرآباد۔22اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کو آج پھر ایک مرتبہ زبردست دھکا لگا جب اس کے ایک رکن اسمبلی جی وینکٹ رام ریڈی نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی(ٹی آر ایس) میں شمولیت کا اعلان کردیا اور اس طرح وہ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے 11ویں رکن اسمبلی ہیں جنہو ں نے اب تک تلنگانہ راشٹر سمیتی میں باضابطہ شمولیت اختیار کی ہے اور 3ارکان اسمبلی نے اسپیکر اسمبلی کو نوٹ روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی مقننہ پارٹی میں کانگریس مقننہ پارٹی کے انضمام کی درخواست کی ہے۔ بھوپل پلی سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی جی وینکٹ ریڈی نے کانگریس سے مستعفی ہونے کے فوری بعد کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ٹی راما راؤسے اپنی اہلیہ جیوتی کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے طرز حکمرانی سے بے حد متاثر ہیں اور وہ ریاست کی ترقی کے منصوبہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں اسی لئے وہ تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کو جلد مکمل کرنے کیلئے وہ کام کریں گے اور آئندہ چند یوم کے دوران وہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے۔
