کانگریس کو شکست کا خوف، اظہرالدین کو کابینہ میں شامل کرنے کی تیاریاں

   

کانگریس اور بی آر ایس ایک ہی سکہ کے دو رخ ، بی جے پی کو کامیاب بنانے کی اپیل: ڈی کے ارونا
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا نے کانگریس حکومت پر مسلم ووٹ بینک کا استعمال کرنے کا پھر ایک بار الزام عائد کیا۔ ڈر اور خوف کی وجہ سے حکومت نے محمد اظہرالدین کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جوبلی ہلز کے مختلف علاقوں میں آج ڈی کے ارونا نے پارٹی کے امیدوار ایل دیپک ریڈی کیلئے انتخابی مہم چلائی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس ایک ہی سکہ کے دو رخ ہے جو سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ووٹ بینک کا استعمال کرتے ہیں جبکہ بی جے پی وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں سب کا ساتھ سب کا وکاس کے نعرہ پر کام کرتی ہے ۔ بی آر ایس اور کانگریس کے دور حکومت میں عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے ، ان وعدوں کو پورا کرنے میں دونوں جماعتیں ناکام رہی ہیں۔ لہذا وہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے عوام سے اپیل کرتی ہیں کہ اس مرتبہ بی جے پی کے امیدوار کو کامیاب بناتے ہوئے ترقی کی بنیاد ڈالیں۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں اقلیتی ووٹوں کی اکثریت ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں کو راغب کرنے کیلئے دو سال کے بعد کانگریس حکومت کابینہ میں اظہرالدین کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہیں ڈر ہے کہ کہیں شکست سے دوچار نہ ہوجائے، اس لئے مسلمانوں کو لبھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ 10 سال تک بی آر ایس نے ریاست پر حکمرانی کی ہے اور جوبلی ہلز کے عوام نے مسلسل تیسری مرتبہ بی آر ایس کے امیدوار کو کامیاب بنایا تھا لیکن حکومت اور رکن اسمبلی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کو ترقی دینے کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ جوبلی ہلز کا نام آتے ہی لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دولتمند لوگ رہنے والا علاقہ ہے لیکن اس کی حقیقت کچھ اور ہے ۔ کئی غریب بستیاں یہاں پائی جاتی ہیں ، یہاں عوام کو بنیادی سہولتیں بھی دستیاب نہیں ہے۔ بی آر ایس نے کوئی بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا اور کانگریس بھی بی آر ایس حکومت کی تقلید کر رہی ہے ۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بی جے پی کے نوجوان امیدوار ایل دیپک ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔2